بھٹکل، یکم جون (ایس او نیوز) بھٹکل تعلقہ کے مرڈیشور بستی مکّی میں بینا وئیدیا اسکول سے متصل کئی ایکڑ جنگلاتی زمین پر ناجائز قبضے کے سلسلے میں بی جے پی نے براہ راست ضلع انچارج وزیر منکال وئیدیا پر الزامات لگاتے ہوئے کہا کہ اگر اگلے پندرہ دن کے اندر اس کے خلاف کارروائی نہیں کی گئی تو عوامی احتجاج شروع کیا جائے گا ۔
بھٹکل بی جے پی دفتر میں جمعہ کو اخباری نمائندوں سے بات چیت کے دوران بی جے پی لیڈران نے وزیر منکال وئیدپا پر الزامات کی جھڑی لگاتے ہوئے کہا کہ بینا وئیدیا اسکول سے متصل جنگلاتی زمین پر اتی کرم کرکے سیکڑوں ٹرک مٹی چرائی گئی ہے ۔ اب تک یہ جنگلاتی زمین واپس حاصل نہیں کی گئی ہے ۔ وزیر منکال وئیدیا کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کے بجائے چند مزدوروں پر کیس درج کرکے معاملے کو چھپانے کی سازش کی جا رہی ہے۔ کائیکینی میں رئیل ایسٹیٹ کاروباریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لئے 24 گھنٹے کے اندر جنگلاتی زمین کا جی پی ایس سروے کروایا گیا ہے اور سڑک، پیچنگ کا کام کیا گیا ہے۔
بی جے پی لیڈروں نے الزام لگایا کہ وزیر منکال وئیدیا اور ان کی ٹولی مسلسل سرکاری زمینوں پر ناجائز قبضہ کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔
بی جے پی لیڈران نے اس بات کا بھی الزام لگایا کہ منکال وئیدیا نے وزارتی قلمدان ملنے کے بعد ناجائز سرگرمیاں چلانے والوں کی سہولت کے لئے پولیس چیک پوسٹس ہٹوائے ہیں۔ وزیر موصوف کے رویے پر سرکاری افسران نے اپنی بے بسی کا اظہار کیا ہے۔ اگر وزیر منکال وئیدیا کی ان تمام سرگرمیوں کے خلاف 15 دنوں کے اندر کارروائی نہیں کی گئی تو بی جے پی کی جانب سے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔
اس موقع پر سابق رکن اسمبلی سنیل نائک، بی جے پی منڈل صدر لکشمی نارائن نائک، گووندا نائک، شرینواس نائک، ایشور نائک، راجیش نائک، شریدھر نائک وغیرہ موجود تھے۔